نینی تال: اتراکھنڈ میں جلد ہی عالمی سرمایہ کاروں کی چوٹی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی شرکت کریں گے۔ وزیراعلی پشکر سنگھ دھامی نے ہلدوانی میں نامہ نگاروں سے یہ بات کہی۔
انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ریاست میں صنعتی سرمایہ کاری کو بڑھانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ ریاست میں سیاحت، زیارت، صنعت، صحت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں بے پناہ امکانات ہیں۔
دھامی نے کہا کہ عالمی برادری کی صنعتی اکائیوں کو وزیر اعظم کی رہنمائی میں انویسٹرس سمٹ کا انعقاد کرکے اتراکھنڈ میں مدعو کیا جائے گا۔ جلد ہی اس کی تاریخ بھی طے کی جائے گی۔ اس میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سمٹ کے ذریعے حکومت اور سرمایہ کاروں کے باہمی فائدے کے لیے شراکت داری کی جائے گی۔ ریاست میں بہتر سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ایک ٹھوس حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے جس سے ریاست کے نوجوانوں کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ریاست میں اچھی حکمرانی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ریاست میں گڈ گورننس کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی جانب سے آن لائن میڈیم کے ذریعے مختلف خدمات عوام کے لیے وقف کی گئی ہیں۔ دوسری جانب افسران کے احتساب، ذمہ داری اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے جلسہ عام پروگرام، 1064 ہیلپ لائن نمبر اور ویجیلنس کو بدعنوانی کے سدباب کے لیے مزید طاقتور بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کرپشن کی روک تھام کے لیے کام کر رہی ہے۔ بدعنوانی کو روکنے کے لیے ریاست کے تمام دفاتر میں 1064 ٹول فری نمبر چسپاں کیا گیا ہے۔ کوئی بھی شہری اس ٹول فری نمبر پر شکایت کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے 2025 تک دیو بھومی اتراکھنڈ کو بدعنوانی سے پاک بنانے کا عزم کیا ہے، جس کے لیے حکومت پابند عہد ہے۔ اس کے علاوہ حکومت سڑک، بجلی، پانی اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔
یواین آئی۔