دہرادون: اتراکھنڈ کے دہرادون ضلع کے تیونی پولیس اسٹیشن کے تحت اور ہماچل پردیش کی سرحد پر واقع چار منزلہ مکان میں جمعرات کی شام آگ لگنے سے چار بچے ہلاک ہوگئے۔ ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، پولیس اور اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش کے فائر بریگیڈ کے عملے موقع پر موجود ہیں اور امدادی کام ابھی بھی جاری ہے۔ پولیس اور ایس ڈی آر ایف ذرائع کے مطابق شام تقریباً 5 بجے تیونی پولیس اسٹیشن سے اطلاع ملی کہ چار منزلہ مکان میں گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی۔ اطلاع پر تھانہ تیونی، موری اور ہماچل پردیش کی پولیس فورس اور تیونی اور موری فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ مکان لکڑی کا بنا ہوا تھا جس میں گیس سلنڈر پھٹنے سے فائر بریگیڈ کے عملہ کے پہنچنے تک آگ نے بھیانک شکل اختیار کر لی تھی۔
یہ گھر محکمہ تعلیم سے ریٹائرڈ سورت رام جوشی کا بتایا گیا ہے۔ جس میں مالک مکان سمیت چھ فیملی رہتی تھی۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے کسی طرح گھر میں پھنسے چار افراد کو باہر نکالا۔ اگرچہ وہ اس وقت تک جھلس چکے تھے لیکن چاروں بچے گھر کے اندر ہی پھنسے رہے اور انہیں باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا اور بچوں کی موت ہو گئی۔ آگ میں جھلسنے والے 4 افراد کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے تین کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا جب کہ ایک خاتون کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ہائر سنٹر ریفر کر دیا گیا۔ ایس ڈی ایم یوکتا مشرا راحت اور بچاؤ کے کام کی نگرانی کر رہے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جس گھر میں آگ لگی وہ چار منزلہ تھا۔
یہ بھی پڑھیں: Noida Fire Brigade Save Lives فائربریگیڈ نے 10 لوگوں کی جان بچائی
یو این آئی