ریاست اتراکھنڈ کے تحصیل منسیاری میں بارش نے زبردست تباہی مچا دی ہے۔ تحصیل منسیاری کے دفتر کے آس پاس متعدد گھروں میں ملبہ داخل ہوا ہے۔ صرف یہی نہیں بھاری لینڈ سلائیڈنگ کے باعث منسیاری کو ملانے والی تھل منسیاری اورجولجیبی۔منسیاری موٹر راہ بھی بند کردی گئی ہیں۔ شدید بارش کی وجہ سے مقامی لوگوں کو خوف و ہراس میں رات گزارنی پڑی۔
منسیاری میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بہت سے مکان بھی زمیں بوس ہوگئے۔ کئی دکانوں میں ملبہ داخل ہونے سے لاکھوں کا سامان بھی تباہ ہوگیا ہے۔ بارش کی وجہ سے ندیوں اور نہروں میں بہاؤ بہت تیز ہے۔ بونگا نالہ میں ایک بچہ بھی بہہ گیا، جسے مقامی لوگوں کی مدد سے بچایا گیا۔
موسلادھار بارش کی وجہ سے تباہی کا خوفناک منظر دیکھنے کو ملا۔ منسیاری کو ملانے والے دونوں اہم راستے تودے گرنے کی وجہ سے بند ہیں۔ جس کی وجہ سے منسیاری الگ تھلگ ہوچکا ہے۔ منسیاری ہیڈ کوارٹر میں تحصیل آفس کے آس پاس ملبہ کئی مکانات میں داخل ہوا ہے، جبکہ چھوریب گڑھ میں کٹاؤ کی وجہ سے آدھا درجن سے زائد مکانات بہہ گئے۔
غنیمت یہ ہے کہ اس وقت اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ بالوٹا گاؤں میں یہ حالات کم و بیش ایک جیسے ہیں۔ جس کی وجہ سے دیہاتیوں کو پوری رات سڑک پر گزارنی پڑرہی ہے۔ منسیاری جول جیبی روڈ پر درانتی کے قریب بی آر او پل بھی بارش سے بہہ گیا ہے۔