اس سیاسی تنظیم کو شمیم خان نے تشکیل دی ہے۔
یہ پارٹی 2017 کے اسمبلی اور 2019 کے پارلیمانی انتخابات میں قسمت آزما چکی ہے۔
اب یہ اتر پردیش کے ضمنی انتخابات میں بھی اترے گی۔
وہیں ضلع بارہ بنکی میں ناگرک ایکتا پارٹی کے بانی شمیم خان سے ای ٹی وی بھارت نے گفتگو کی ۔
خیال رہے کہ ناگرک ایکتا پارٹی کا قیام 2011 میں کیا گیا۔
شمیم خان سے جب سوال کیا گیا کہ مسلم اپنے ہم مذہب کو اپنا قائد نہیں مانتی تو پارٹی بنانے کی کیوں ضرورت پڑی؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے شمیم خان نے واضح طور پر کہا کہ یہ پارٹی صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بنی ہے، بلکہ یہ پارٹی سبھی طبقوں کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں مسلم رہنما نہیں ہوں۔ میں بس مسلم، دلتوں اور پسماندہ طبقوں کے لوگوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ وہ یکجا اور متحد ہوجائیں۔
شمیم خان سے جب یہ پوچھا گیا کہ وہ کیسے مسلموں کی حمایت حاصل کریں گے تو اس پر انہوں نے کہا یہ سب سے مناسب وقت ہے، کیوں کہ گزشتہ دو برسوں سے مظلوموں پر ظلم اور زیادتیاں ہو رہی ہیں، لیکن لوگ خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایس پی - بی ایس پی کے حامیوں سے اپیل کرنا چاہتے ہیں کہ وہ یکجا ہوکر ہمارے ساتھ آئیں۔
مسلمانوں کے لئے پالیسی کے سوال پر شمیم خان نے کہا کہ ہم صرف مسلموں کی بات نہیں کرتے ہم ان تمام طبقوں کی باتیں کرتے ہیں جو کمزور اور پساماندہ ہیں۔
مسلمانوں کے تحفظ کے سوال پر شمیم خان نے کہا کہ کسی بھی ذات اور طبقے کے لوگوں کو خوف میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے۔
ملک کے تمام طبقے کے افراد یکجہ ہوں تو کوئی خوف نہیں رہے گا۔