آگرہ: آگرہ کے علاقے فیز 2 میں واقع ایک ہوم اسٹے کے ملازمین نے ہفتے کی رات دیر گئے ایک لڑکی ساتھی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی۔ لڑکی کے احتجاج کرنے پر اس کو مارا پیٹا گیا۔ اسی دوران لڑکی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی جس سے ہوم اسٹے میں کھلبلی مچ گئی۔ اطلاع پر تھانہ تاج گنج پولیس جائے واردات پر پہنچ گئی۔
پولیس نے لڑکی اور دیگر افراد سے حادثے کے بارے میں تحقیقات کی اس کے بعد پولیس نے لڑکی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا۔ پولیس نے اس معاملے میں چار نوجوانوں کو گرفتار کرلیا جب کہ دیگر ملزمین موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس ٹیمیں مفرور ملزمین کی تلاش میں مصروف ہیں۔ ڈی سی پی سٹی سورج کمار رائے نے کہا کہ ہفتہ کی رات دیر گئے پولیس کو اطلاع ملی کہ رچ ہوم اسٹے میں کوئی واقعہ پیش آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہوم سٹے سے لڑکی کے چیخنے کی آواز آرہی تھی۔ اس پر تاج گنج تھانہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ لڑکی ہوم اسٹے میں تشویشناک حالت میں پائی گئی۔ پولیس کے پہنچتے ہی لڑکی پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔ لڑکی نے کہا کہ پہلے اسے شراب پینے پر مجبور کیا گیا، پھر بہت سے نوجوانوں نے اس کے ساتھ اجتماعی عصمت ریزی کی۔ اس ہوم اسٹے کے آپریٹر کا نام روی ہے۔
پولیس کی جانب سے تحقیقات کے دوران متاثرہ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ وہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے ہوم اسٹے میں کام کر رہی ہے۔ ملزم نے اس سے پہلے دھوکہ دہی سے اس کی فحش ویڈیو بنائی تھی۔ اسی ویڈیو کو وائرل کرنے کی دھمکی دے کر اس کو کافی دنوں سے ہراساں کیا جا رہا تھا۔ ہفتہ کی رات بھی اس نے وہی ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دے کر اس کے ساتھ عصمت ریزی کی۔ احتجاج کرنے پر اس کو بے دردی سے مارا پیٹا گیا۔ اس لڑکی کو جبرا کمرے میں بند کر دیا گیا۔ اس کے بعد اس کے ساتھ اجتماعی عصمت ریزی کی گئی۔
مزید پڑھیں: نابالغ کی اجتماعی جنسی زیادتی اور قتل، ملزمان بی جے پی سے وابستہ
پولیس نے اس معاملے میں جتیندر راٹھور، روی راٹھور، منیش کمار اور دیو کشور کو اجتماعی عصمت ریزی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ڈی سی پی سٹی سورج رائے نے بتایا کہ لڑکی کو تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ اس لڑکی کی طبی جانچ بھی کی جا رہی ہے۔ لڑکی کی شکایت کی بنیاد پر اجتماعی عصمت ریزی، حملہ اور جسم فروشی کی روک تھام ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ چاروں گرفتار شدہ ملزمین سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو بہت سی جانکاری حاصل ہوئی ہے۔ ہوم اسٹے بند کیا جا رہا ہے۔