اترپردیش حکومت بہت جلد بنکروں کے لئے راحت پیکج کا اعلان کرے گی۔ یہ دعویٰ حکومت سے بات چیت میں شامل وفد کا حصہ رہے اترپردیش بنکر فورم نے کیا ہے۔
فورم کے صدر ارشد جمال انصاری نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران کہا کہ بنکروں کی سبسڈی کا نیا مسودہ تیار ہو گیا ہے۔
یوپی کے محکمہ ٹیکسٹائل، توانائی اور فائنانس کی مشترکہ کمیٹی نے اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کر دی ہے۔
گزشتہ3 ستمبر کو اترپردیش حکومت کے ایڈشنل چیف سکریٹری نونیت سہگل کے ساتھ بنکروں کے وفد نے اہم میٹنگ کی تھی۔
اس میٹنگ میں طے پایا تھا کہ سال 2006 سے جاری فلیٹ ریٹ کو کچھ ترمیم کے بعد دوبارہ نافذ کیا جائے گا۔ اس پیش رفت سے بنکروں نے کافی راحت محسوس کی تھی۔ لیکن ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزرنے کے بعد بھی مسودے کے عملی شکل اختیار نہ ہونے سے بنکروں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔
ارشد جمال انصاری نے بتایا کہ کہ پہلے بنکاری صنعت میں کوئی ٹیکس نہیں تھا۔ جی ایس ٹی نافذ ہونے کے بعد صرف اترپردیش میں بنکاری کاروبار سے ایک ہزار کروڑ روپے سالانہ ٹیکس ادا کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگراس ٹیکس کا کچھ حصہ بھی بنکاری صنعت کی فلاح و بہبود کے لئے خرچ ہو جائے تو بنکروں کی حالت کافی بہتر ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نئے زرعی قانون سے ذخیرہ اندوزی میں اضافہ: سی پی آئی کا دعوی