ریاست اترپردیش کے ضلع نوئیڈا میں سابق مرکزی وزیر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر مہیش شرما نے کہا کہ ذہنی بیماریوں کی بروقت شناخت ضروری ہے، جس طرح جسمانی بیماریوں کا علاج کیا جاتا ہے، اسی طرح ذہنی بیماریوں کا علاج بھی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام زندگی میں دل کی بیماریوں اور ذیابیطس کے مریضوں میں اضافے کے پیچھے ذہنی تناؤ ایک بڑی وجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مراقبہ اور یوگا کے ذریعے ان مسائل سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ ڈاکٹر شرما نے سیکٹر 6 میں اندرا گاندھی کلا کیندر میں منعقدہ عالمی یوم دماغی صحت کے موقع پر یہ باتیں کہی۔
ڈاکٹر شرما نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اگر ہم یوگا اور مراقبہ کے ذریعے صحت کو درست اور فٹ رکھیں تو بیماریوں کے علاج پر آنے والے اخراجات کو بہت حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر دیپک اوہری نے کہا کہ موجودہ حالات میں بڑوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی ڈپریشن کا شکار ہیں، لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں میں ذہنی بیماری میں اضافہ ہوا ہے۔
دماغی صحت پروگرام کے نوڈل اور ایڈیشنل چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر بھرت بھوشن نے کہا کہ تنہائی اور بے توجہی ذہنی بیماریوں کی بڑی وجہ ہے، ذہنی مریضوں کے ساتھ اچھا سلوک کیا جانا چاہئے، انہیں نظرانداز نہیں کیا جانا چاہئے، ذہنی امراض بھی دوسری بیماریوں کی طرح ہیں، ان کا علاج ممکن ہے۔ ضلعی اسپتال میں دماغی بیماریوں کے علاج کے لئے ڈسٹرکٹ مینٹل ہیلتھ سیل موجود ہے، جہاں ماہر نفسیات اور مشیر موجود ہیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ مینٹل ہیلتھ سیل کی ماہر نفسیات ڈاکٹر تنجو نے کہا کہ ذہنی مریضوں کے لئے کنبہ اور اپنوں کا پیار بہت معنی رکھتا ہے۔
پروگرام میں اے سی ایم او ڈاکٹر نیپال سنگھ، محکمہ صحت نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اتھارٹی، محکمہ پولیس کے اہلکار موجود تھے