ریاست اترپردیش میں تین دہائیوں سے کانگریس اقتدار میں نہیں آئی، دلت ہو یا مسلمان سبھی کانگریس کے ووٹ بینک ہوا کرتے تھے لیکن اب حالات بالکل بدل چکے ہیں۔ ایک طرف دلت بی ایس پی اور بی جے پی میں تقسیم ہو گئے ہیں جبکہ مسلم سماج نے خود کو مقامی و علاقائی جماعتوں میں تقسیم کر لیا ہے۔ کانگریس مسلمانوں کا ووٹ حاصل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش میں مصروف ہے تاکہ یو پی میں اپنی سیاسی گرفت مضبوط کر سکے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران مقامی شخص نے بتایا کہ موجودہ حکومت اپنے کیے گئے وعدوں کو پورا کرے اور عوام کے سبھی مسائل کو حل کرے، حکومت کا کام ہی عوام کی خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک مسلمانوں کے ووٹ دینے کا مسئلہ ہے، تو بھارت ایک جمہوری ملک ہے، جہاں ہر کسی کو رائے کے اظہار کی مکمل آزادی ہے۔
ایک مقامی خاتون نے کہا کہ ہم بہت پریشان ہیں، کرائے کے مکان میں رہتے ہیں۔ میرے شوہر ٹھیلا لگاتے تھے لیکن ان کا پیر ٹوٹ گیا ہے لہذا آمدنی کا ذریعہ بند ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہم اپنے بچوں کو اسکول نہیں بھیج پا رہے ہیں۔ مدد کے طور پر حکومت کی جانب سے صرف راشن مل رہا ہے لیکن مہنگائی میں اتنے سے گزارا کرنا بہت مشکل ہے۔
مسلم سماج کانگریس کے ساتھ : شاہنواز عالم
بات چیت کے دوران کانگریس رہنما ڈاکٹر شہزاد نے کہا کہ پرینکا گاندھی نے جب سے اترپردیش کی ذمہ داری سمنبھالی ہے، مسلسل عوام کے مسائل کو اٹھا رہی ہیں۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کے خلاف کانگریس ہی سڑک پر اتر کر احتجاج کر رہی ہے۔ ڈاکٹر نے شہزاد نے کہا کہ کانگریس ایک عظیم نظریہ والی پارٹی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی سماج کے غریب اور پسماندہ طبقہ کے لیے کام کرتی ہے، خواہ وہ ہندو ہوں یا مسلمان۔ جہاں تک مسلم سماج کے مسائل کا معاملہ ہے، تو مسلسل کانگریس کمیٹی اس پر کام کر رہی ہے۔ ڈاکٹر شہزاد نے بتایا کہ ریاست میں صرف کانگریس کمیٹی ہی اپوزیشن پارٹی کا حق ادا کر رہی ہے جبکہ دوسری پارٹیاں صرف سوشل میڈیا پر کام کرتی نظر آرہی ہیں۔