کورونا وائرس کی وبا کو روکنے میں لاپروائی برتنے کی سزا ڈی ایم بی این سنگھ کو دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے لکھنؤ میں واقع ہیڈ کوارٹر سے انہیں منسلک کر دیا ہے۔
ان کی جگہ سہاس لالینیکر یتیراج کو گوتم بودھ نگر کا نیا ڈی ایم مقرر کیا گیا ہے۔
گوتم بودھ نگر کے نئے ڈی ایم سہاس لالینیکر یتیراج ایک بھارتی پروفشنل پیرا بیڈ منٹن کھلاڑی بھی ہیں۔ فی الحال وہ مینس سنگلز میں عالمی نمبر دو کھلاڑی رہے ہیں۔
وہ اترپردیش کیڈر کے 2007 بیچ کے آئی اے ایس آفیسر ہیں۔
سہاس اعظم گڑھ اور الہ آباد جیسے اضلاع کی ذمہ داری بھی نبھا چکے ہیں۔
گوتم بودھ نگر میں کورونا انفیکشن پوری ریاست میں سب سے زیادہ ہے۔
سہاس سے صورتحال کو فوری طور پر قابو کرنے کے لیے گوتم بودھ نگر روانہ ہونے کو کہا گیا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ وہ کسی بھی وقت ہیلی کاپٹر کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر پہنچ سکتے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ رات کے وقت کلکٹر کا چارج سنبھال لیں گے۔
قابل غور بات یہ ہے کہ پیر کے روز گریٹر نوئیڈا میں گوتم بودھ یونیورسٹی میں کورونا کے پیش نظر منعقد میٹنگ میں، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ڈی ایم بی این سنگھ کی لاپروائی پر ناراضگی ظاہر کی۔ سرزنش سے ناراض ڈی ایم نے فوری طور پر چیف سکریٹری کو خط لکھ کر ڈی ایم کے عہدے سے آزاد ہونے اور تین ماہ کی چھٹی کی منظوری کی درخواست کی تھی۔ اس کے بعد سے ہی ان پر کارروائی کی قیاس آرائیاں شروع کر دی گئی تھیں۔ انہیں معطل کرنے کی بات بھی ہوئی۔ لیکن فی الحال حکومت نے ان کے طرز عمل کو ضابطہ شکنی تسلیم کیا ہے۔
چیف سکریٹری آر کے تیواری نے بتایا کہ بی این سنگھ کو لکھنؤ ہیڈ کوارٹر سے منسلک کیا گیا ہے اور ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ گریٹر نوئیڈا اتھارٹی کے چیئرمین اور صنعتی ترقی کے کمشنر آلوک ٹنڈن کو تحقیقات کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
سہاس کرناٹک کے شیگوما ضلع کے رہنے والے ہیں۔ کمپیوٹر سائنس میں بی ٹیک ہیں۔
سنہ 2016 میں اتر پردیش کے سب سے بہترین سول سرونٹ کا خطاب حاصل کر چکے ہیں۔ ابھی وہ لکھنؤ میں پلاننگ ڈپارٹمنٹ میں اسپیشل سکریٹری کے عہدہ پر فائز تھے۔