ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور میں گاندھی جینتی کے موقع پر مہوتسو کے موقع سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا جسے ضلع جج اشونی کمار ترپاٹھی نے ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔
یہ سائیکل ریلی شہر کے مختلف حصوں سے گزری اور لوگوں کو قانون کے تئیں بیدار بھی کیا گیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ کورٹ جج اشونی کمار ترپاٹھی نے کہا کہ کوئی بھی غریب یا مزدور اپنے آپ کو بے بس نہ سمجھے، آئین میں غریبوں اور مزدوروں کے مفاد کی حفاظت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کے حقوق کو پامال نہیں کیا جاسکتا۔ کمزور اور غریب طبقے کو قانون پوری مدد دے گا۔ 2 اکتوبر سے 14 نومبر تک تحصیل بلاک گرام پنچایت سطح پر کیمپوں کا انعقاد کرکے عوام کو قانون سے متعلق واقف کرایا جائے گا اور ساتھ ہی حکومت کی جانب سے چلائی جارہی اسکیموں کے بارے میں بھی معلومات فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: سہارنپور: دو بائیک چور گرفتار، دس موٹر سائیکلیں برآمد
ڈسٹرکٹ کورٹ جج نے کہا کہ قانون سے واقف کرانے کے لئے آنگن واڑی کارکنان، وکلاء، آشا ورکزر اور دیگر افراد کو شامل کیا گیا ہے جو گھر گھر جاکر قانون کے بارے لوگوں کو بتائیں گے۔
اسی کے ساتھ ساتھ بار ایسوسی ایشن کے صدر، سکریٹری، ضلع اور تحصیل قانون سمیتی کے پینل، سماجی تنظیمیں، اسکولز، کالج، لاء کالج کے طلباء، این سی سی اور این این ایس کے طلبہ بھی اپنا تعاون پیش کریں گے اور اس کے لیے ضلعی سطح پر ایک کمیٹی کی تشکیل کی گئی ہے جو 14 نومبر تک ہر روز اس مہم کی رپورٹ پیش کریں گے۔