پولیس نے تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع ہسپتال بھیج دیا۔ مہلوکین کے گھر میں کہرام مچا ہوا ہے۔
رامپور کے تھانہ عظیم نگر علاقے میں المناک حادثہ میں باپ اور اس کے دو بچوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جب کہ ماں اور بیٹی کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ یہ حادثہ سوار روڈ پر بس کے ذریعہ ایک بائیک کو روندے جانے سے پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق تھانہ عظیم نگر علاقہ میں سوار روڈ پر کرن پور کی پلیا کے پاس کاشی پور آنگا کے ساکن یونس اپنی بیوی ارمانہ، بیٹی زوبیہ، چھ سالہ احد اور چار سالہ اسد بائیک پر سوار تھے جو اپنی بہن کے گھر گھر مکرم پور جا رہے تھے کہ اسی دوران ایک بے قابو بس نے بائیک کو زور دار ٹکر ماری جس کے سبب موٹر سائیکل سوار گہرے کھڈے میں گر گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی ارمانہ اور اس کی بیٹی زوبیہ کو ضلع ہسپتال بھیجا جبکہ احد اور اسد کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی اور باپ یونس تشویشناک حالت میں بریلی ریفر کیا گیا۔ لیکن یونس نے راستہ میں ہی دم توڑ دیا۔
پولیس نے تین لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع ہسپتال بھیج دیا۔