نئی دہلی: سپریم کورٹ کالجیم نے منگل کے روز الہ آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس راجیش بندل اور گجرات ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اروند کمار کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دینے کی سفارش کی۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں چھ رکنی کالجیم نے متفقہ طور پر جسٹس بندل کی سفارش کو منظوری دی، جب کہ جسٹس اروند کمار کے بارے میں جسٹس کے ایم جوزف نے کہا کہ ان کے نام پر بعد میں غور کیا جا سکتا ہے۔ جسٹس چندر چوڑ کی سربراہی اور جسٹس سنجے کشن کول، جسٹس کے ایم جوزف، جسٹس ایم آر شاہ، جسٹس اجے رستوگی اور جسٹس سنجیو کھنہ پر مشتمل کالجیم نے ان دو ناموں کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ "لائق و فائق چیف جسٹس اور ہائی کورٹ کے سینئر ججوں کی اہلیت، دیانتداری اور اہلیت کا بغور جائزہ ٹ کے بعد، کالجیم نے سپریم کورٹ کے جج کے طور پر تقرری کے لیے دو افراد کو سب سے زیادہ موزوں اور مناسب پایا ہے۔"
تجویز میں کہا گیا ہے کہ جسٹس راجیش بندل کو 22 مارچ 2006 کو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا۔ انہیں 11 اکتوبر 2021 کو الہ آباد ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا تھا۔ جسٹس بندل ہائی کورٹ کے ججوں کی مشترکہ کل ہند سنیارٹی میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ وہ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں۔ تجویز میں کہا گیا ہے کہ جسٹس اروند کمار کو 26 جون 2009 کو کرناٹک ہائی کورٹ میں ایڈیشنل جج کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔ انہیں 7 دسمبر 2012 کو مستقل جج کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔ انہیں 13 اکتوبر 2021 کو گجرات ہائی کورٹ کا چیف جسٹس بنایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: Justice MB Lokur: 'ہائی کورٹ سے ججوں کا تبادلہ باعث تشویش'
یو این آئی