ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں آج 'آل انڈیا مسلم فیڈریشن' کی جانب سے قومی اجلاس کا اہتمام کیا گیا۔ یہ خصوصی اجلاس تنظیم کے قومی صدر کو منتخب کرنے کے لئے منعقد ہوا تھا۔ اس موقع پر فیڈریشن کے جنرل سکریٹری بابر خاں کو متفقہ طور پر آل انڈیا مسلم فیڈریشن کا قومی صدر منتخب کیا گیا۔ تنظیم کے تمام ہی عہدیداران اور کارکنان نے اپنے نئے صدر کا پرجوش استقبال کیا۔
دراصل مسلم مسائل کے حل کے لئے سرگرم رہنے والی آل انڈیا مسلم فیڈریشن کے قومی صدر نسیم احمد ایڈووکیٹ کے انتقال کے بعد گذشتہ چار ماہ سے تنظیم کی تمام سرگرمیاں تھمی ہوئی تھیں۔
حالانکہ وقتی طور پر مرحوم نسیم احمد کے فرزند کو قائم مقام صدر بنا دیا گیا تھا لیکن ان کی معذرت کے بعد نیا صدر منتخب کرنا ناگزیر ہو گیا تھا اس لئے آج رامپور میں خصوصی اجلاس منعقد کرکے بابر خاں کو قومی صدر بنایا گیا۔
بابر خاں کے صدر کا اعلان ہوتے ہی اجلاس میں شامل کارکنان نے پھول کی مالائیں ڈال کر اپنے نومنتخب صدر کو مبارکباد پیش کیں۔
اس موقع پر ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے نومنتخب صدر بابر خاں نے کہا کہ ان کی تنظیم حکومت سے مسلمانوں کے لئے 20 فیصد ریزرویشن کا مطالبہ کر رہی ہے اور اس مطالبہ کو تحریک چلاکر مزید تیز کیا جائے گا۔
تنظیم کے قومی صدر کے انتخاب کے لئے رامپور کے محلہ چاہ خزان خاں پر منعقدہ اس اجلاس کی صدارت معروف قلم کار ایس فضیلت نے انجام دی جبکہ نظامت کا فریضہ ضمیر رضوی ایڈووکیٹ نے ادا کیا۔