دیوالی تہوار کی آمد کے ساتھ ہی ملک کے مختلف حصوں سے مٹھائیوں میں ملاوٹ کی خبریں موصول ہوتی ہیں۔ تاہم رواں برس اتر پردیش کے شہر نوئیڈا میں انتظامیہ کی جانب سے ملاوٹ کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔
ریاست کے گوتم بدھ نگر نوئیڈا کے مختلف علاقوں میں ملاوٹ خوروں کے کاروبار پر قدغن لگانے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے بیداری مہم چلائی جارہی ہے ۔
کھانے پینے کی خالص اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ اتھارٹی آف انڈیا ( ایف ایس ایس اے آئی) نے ایسوکیم پرائیوٹ لمیٹڈ نالج پارک میں ریستوراں چلانے والے 41 فوڈ کاروباریوں کو ہدایت دی کہ ملاوٹ اشیاء کی پہچان کر کے اس سے بچا جا سکے۔
محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے ریستوران کے مالکین کو بتایا کہ وہ کس طرح اپنے ریستوران میں خالص اور محفوظ خوراک کو یقینی بنائیں۔
اس کے علاوہ سورج پور گریٹر نوئیڈا میں راکیش کمار فوڈ سیفٹی آفیسر کے ذریعہ ٹریڈ ایسوسی ایشن کے تعاون سے بیداری اور رجسٹریشن کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا۔ جس میں 115 ریستوراں سے وابستہ مالکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر 85 نئے ادارے رجسٹرڈ ہوئے۔ اس کے علاوہ دو ٹیمیں نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا میں اشیائے خوردونوش کی جانچ کے لئے ایک مہم چلا رہی ہیں جس کے تحت اشیائ خورد و نوش کے نمونے لئے جا رہے ہیں۔