ریاست اتر پردیش کے بارہ بنکی میں تاجر تنظیم اکھل بھارتیہ سنیوکت ویاپار منڈل نے بازاروں کے لئے جاری روسٹر کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تین ماہ سے دکانیں بند ہونے سے تاجروں کو کافی نقصان ہو رہا ہے۔ ان لاک میں متعین روسٹر سے بھی ان کو کوئی فائدہ نہیں ہو رہا ہے۔
بارہ بنکی میں ایس ڈی ایم نواب گنج کو وزیراعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے میمورنڈم دینے کے بعد مذکورہ تاجر تنظیم کے ضلع صدر روہت دکشت نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ سے بازار مکمل طور سے بند ہیں، جس کی وجہ سے وہ کافی پریشان ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تاجروں کی دکان تو بند ہیں لیکن ان کے اخراجات قبل کی ہی طرح جاری ہیں۔ آمدنی نہ ہونے سے دکاندار فاقہ کشی کے قریب ہیں۔ اسلئے انہوں نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ جاری روسٹر کو ختم کیا جائے۔
بازار میں سماجی فاصلے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ سماجی فاصلے کی پابندی دکانداروں کے لئے بڑا چیلینج ہے لیکن اس کے لئے وہ تمام کوششیں اور بیداری مہم بھی چلا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ دکانیں کھلنے پر اس کا پورا خیال رکھا جائے گا۔