ریاست اترپردیش میں بریلی سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رُکن پارلیمان اور وزیر محنت و روزگار (آزادانہ چارج) سنتوش گنگوار نے درگاہ اعلیٰ حضرت پر حاضری دی.
سنہ 2019 کے انتخابات میں آٹھویں بار منتخب ہونے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب سنتوش گنگوار درگاہ اعلیٰ حضرت پر حاضری دینے پہنچے تھے۔
اس دوران انہوں نے خاندان اعلیٰ حضرت کے اہم فرد مولانا توصیف رضا خاں سے اُن کے گھر پہنچ کر ملاقات کی اور دونوں شخصیات کے درمیان تقریباً دو گھنٹے تک گفتگو بھی ہوئی۔
غور طلب ہے کہ گذشتہ برس 20 اکتوبر 2018 کو مولانا توصیف رضا خاں کو ابو ظہبی سے شارجاہ واپس لوٹتے وقت چیک پوسٹ پر روک لیا گیا تھا۔ وہاں پولیس نے مولانا توصیف رضا خاں کو نشیلی اشیاء رکھنے کے الزام میں حراست میں لے لیا تھا۔
اس دوران سنتوش گنگوار کی کوششوں سے اس وقت کی وزیر خارجہ سُشما سواراج نے مداخلت کی تھی اور تقریباً 20 روز پولیس حراست میں رہنے کے بعد مولانا توصیف رضا خاں کو رہا کیا گیا تھا۔
بی جے پی سے آٹھ بار رُکن پارلیمان منتخب ہونے کے باوجود پارٹی لائن سے علیحدہ سنتوش گنگوار درگاہ اعلیٰ حضرت پر حاضری دینے آتے رہتے ہیں۔