نائب وزیراعلی کیشو پرساد موریہ نے بریلی میں مختلف پروجیکٹ اور اسکیمز کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کدور اقتدار میں ترقی کی رفتار تیز ہوئی ہے اور وہ اس رفتار کو سست نہیں ہونے دیں گے۔
کیشو پرساد موریہ نے حکومتی افسران سے کہا کہ اگر کوئی بی جے پی کارکن، ایم ایل اے یا ایم پی کسی کام کے تعلق سے آپ کے پاس آتا ہے تو اُن کے ساتھ ایک کارکن کی طرح نہیں بلکہ اس طرح کا سلوک کریں جس طرح آپ وزیراعلی کے ساتھ کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی سے منسلک افراد کو ساتھ اسپیشل رویہ اختیار کریں کیوں کہ بی جے پی کارکن آپ کے پاس غلط کام لے کر نہیں آتا ہے، ان کا صحیح ہوتا ہے۔
حزب اختلاف پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر بوا، بھتیجہ (مایاوتی اور اکھیلیش یادو) اور کانگریس متّحد ہو کر بھی بی جے پی کے خلاف انتخابی میدان میں آ جائیں تب بھی آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی ہی اقتدار میں آئےگی۔
انہوں نے کہا کہ اتر پردیش کی عوام کی دعائیں ہمارے ساتھ ہیں اور آئندہ 25 برسوں تک اتر پردیش میں عوام کی دعاؤں اور کارکنان کی بدولت خوش حالی کا کںول اتر پردیش میں کھِلتا رہےگا۔
کیشو پرساد موریہ نے ضلع انتظامیہ اور اعلی پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش میں ہماری حکومت نے اپنے 30 مہیںے مکمل کر لیے ہیں، اس درمیان دو بڑے فیصلے ہوئے، پہلا کشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹانے کا کام کیا گیا اور دوسرا ملک کا سب سے بڑا فیصلہ عدالت عظمیٰ نے دیا۔
ایودھیا کا فیصلہ آنے سے قبل لوگوں کو اس بات کا خدشہ تھا کہ فیصلہ آنے کے بعد ملک میں حالات خراب ہو سکتے ہیں لیکن اس فیصلے کے بعد ہندو اور مسلمانوں نے صبر اور تحمل سے کام لیا اور عدالت کے فیصلے کو تسلیم کیا اور اس کے لیے دونوں طبقہ مبارک باد کا مستحق ہیں ۔
کیشو پرساد موریہ نے پارٹی کارکنان اور عہدے داران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بریلی ڈویژن کی عوام نے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی حمایت کی تھی لہذا وہ اس بات کی یقین دہانی کرانا چاہتے ہیں کہ یہاں ترقی کی رفتار سست نہیں ہونے دی جائےگی۔