ریاست اترپردیش کے ضلع وارانسی کی پہلی نجی ٹرین 'مہاکال ایکسپریس' کو آج باضابطہ طور سے وارانسی جنکشن سے اندور روانہ کیا گیا۔ یہ ٹرین مہاکال کے شہر اُجین کے راستے اندور جائے گی۔
مسافروں کا جوش و خروش پہلے دن دیکھا گیا، جبکہ 16 فروری کو بی 5 کوچ میں سیٹ نمبر 64 کو مندر بنایا گیا تھا جبکہ آج مندر کو پینٹری کار میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 16 فروری کو وزیر اعظم نریندر مودی نے وارانسی کے 22 ویں دورہ پر آئی آر سی ٹی سی کے زیر انتظام نجی ٹرین کاشی مہاکال ایکسپریس کو ہری جھنڈی دیکھا کر روانہ کیا تھا، جس کے بعد بی 5 کوچ کے سیٹ نمبر 64 کو مندر بنایا گیا تھا، تبھی سے یہ ٹرین سرخیوں میں ہے۔
اس معاملے پر آئی آر سی ٹی سی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ مندر صرف افتتاحی پروگرام کے لیے بنایا گیا ہے، اس کے بعد ختم کر دیا جائے گا۔
اس معاملے پر ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے ٹویٹ کر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
مہاکال ایکسپریس کے بارے میں بات کرتے ہوئے اے ڈی آر ایم روی پرکاش چترویدی نے کہا کہ مہاکال ایکسپریس وارانسی سے اندور کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ٹرین 19 گھنٹوں میں 8 اسٹیشنوں پر رکے گی اور منزل تک پہنچے گی۔ یہ صبح 8 بجے اجین اور صبح 9:35 بجے اندور پہنچے گی۔
ٹرین میں مندر کے نام پر سیٹ محفوظ کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس ٹرین میں 690 سیٹیں ہیں جو تمام مسافروں کے لیے بک کی گئی ہیں۔