ریاست اترپردیش کے دارلحکومت لکھنؤمیں واقع امام باڑہ غفران مآب میں ماہ محرم الحرام کی چھٹی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید کلب جواد نقوی نےولایت علیؑ کی عظمت پر تفصیلی روشنی ڈالی،مجلس کے بعد امام باڑہ غفران مآب میں عالمی یوم علی اصغرؑ کا انعقاد بھی ہوا، خواتین نے شیر خوار بچوں کے ساتھ شرکت کی۔ Speech of Maulana Syed Kalb Jawad Naqvi on the occasion of World Ali Asghar Day
مولانا نے اپنی تقریر میں کہا کہ ’’قبر میں اللہ کی وحدانیت اور حضرت محمد مصطفیؐ کی نبوت کے ساتھ حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کی ولایت کا سوال ہوگا جو علیؑ کی ولایت کو ماننے والا ہوگا اسی کا عقیدہ توحید و نبوت قابل قبول ہوگا’’ انہوں نے مزید کہا کہا کہ ’’اگر ولایت علیؑ کا اقرار نہیں کیا تو تمام عبادات کو رد کردیا جائے گا۔، تمام عبادتوں کی قبولیت کا دارومدار علیؑ کی محبت اور ولایت پر ہے۔ اس لئے مسلمانوں کو عبادات کی قبولیت اور حصول جنت کے لئے ولایت علیؑ سے تمسک اختیار کرنا چاہئے’’
مجلس کے آخر میں مولانا نے ہمشکل پیغمبرؐ اورامام حسینؑ کے فرزند حضرت علی اکبر ؑ کی شہادت کے واقعہ کو بیان کیا جسے سن کر عزاداروں نے بیحد گریہ کیا۔ اسی عزا خانہ میں ٹھیک 3 بجےسہ پہر کو مجلس علمائے ہند کی جانب سے عالمی یوم حضرت علی اصغرؑ کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں خواتین اپنے شیر خوار بچوں کے ساتھ شریک ہوئیں، مجلس میں بچوں کے لئے مخصوص لباس کا اہتمام کیا گیا تھا جسے پہنا کر خواتین نے یہ پیغام دیا کہ اگر وہ کربلا میں ہوتیں تو علی اصغرؑ کی جگہ اپنے بچوں کی قربانیاں پیش کرتیں۔
مزید پڑھیں:لکھنؤ: یوم عاشورہ کے مجالس کا مختصر اہتمام
مجلس سے خواہر فاطمہ جواد نقوی نے خطاب کیا،انہوں نے یوم علی اصغرؑ کی اہمیت اور شہادت علی اصغرؑ کی افاقیت کو بیان کیا۔ مجلس میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ محرم الحرام کے پہلے جمعہ کو ایران سمیت پوری دنیا میں عالمی یوم علی اصغرؑ کا انعقاد ہوتا ہے جس میں خواتین اپنے شیر خوار بچوں کے ساتھ شریک ہوتی ہیں۔ یہ مجلس مولانا کلب جواد نقوی کی طرف سے مجلس علمائے ہند کے زیر اہتمام گزشتہ کئی سالوں سے منعقد ہورہی ہے۔