ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں آل انڈیا صدائے صوفیائے ہند کے صدر سید بابر اسلام نے ایران کے نئے صدر ابراہیم رئیسی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 'بھارت اور ایران کے رشتے روحانی، ثقافتی، معاشی و سیاسی اور تہذیبی اعتبار سے مزید مضبوط ہوں گے۔'
انہوں نے کہا کہ 'ابراہیم رئیسی کے حوالے سے مغرب کے نظریات سے متاثر ہوکر میڈیا جو قدامت پسند ثابت کرنا چاہ رہی ہے وہ غلط ہیں۔ ابراہیم رئیسی کو تقریباً 9 کروڑ عوام نے منتخب کیا ہے اور اپنے ملک کے وہ سپریم لیڈر ہیں اس لحاظ سے ان کی ایسی شبیہ پیش کرنا قابل تشویش ہے۔'
سید بابر اسلام نے کہا کہ 'ایران میں بزرگان دین کے مزارات اور زیارت گاہیں آج بھی موجود ہیں، حضرت بایزید بسطامی، حضرت امام غزالی،کربلا معلّیٰ ودیگر زیارت گاہیں موجود ہیں۔ بھارت سے بڑی تعداد میں عوام روحانی رشتے کو مستحکم کرنے کے لیے ایران کا رخ کرتے ہیں۔'
یہ بھی پڑھیں: ایران کلچر ہاوس میں چار کتابوں کا رسم اجراء
انہوں نے کہا کہ 'ایران نہ صرف روحانی و مذہبی طور پر بھارت کے لئے اہم ہے بلکہ معاشی و بین الاقوامی سیاسی سطح پر بھی بھارت کے لیے اہم ہے۔ امید ہے کہ نئے صدر کے دور اقتدار میں یہ رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔
واضح رہے کہ ایران کے نئے صدر ابراہیم رئیسی نے 3 اگست کو سرکاری طور پر صدارتی منصب کا چارج و حلف لیا تھا، جب کہ 5 اگست کو ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں بھارت سمیت کئی ممالک کے اعلیٰ رہنما شامل ہوئے تھے۔