ریاست اترپردیش میں واقع علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ویمنس کالج میں وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے سوئمنگ پول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ طالبات کو بہتر سہولیات مہیا کرانے کی کوششیں جاری ہے۔ تیراکی صحت کے لیے ایک عمدہ ورزش ہے اور طلبات کو نئے سوئمنگ پول کا پورا فائدہ اٹھانا چاہئے۔
ویمنس کالج میں سوئمنگ پول کے افتتاحی تقریب کے دوران وائس چانسلر ڈاکٹر طارق منصور نے کہا کہ اس سوئمنگ پول کے ذریعہ طالبات اپنے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرسکتی ہیں اور وہ مقامی و بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کرکے اولمپک تک کا سفر طے کر سکتی ہیں۔
پرنسپل ویمنس کالج پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ ہمارے بانیان شیخ محمد عبد اللہ، وحید جہاں بیگم اور عرف اعلی بی نے آج سے سو برس قبل یہ خواب دیکھا تھا کہ اس ادارے کی طالبات تیراکی جیسے کھیلوں میں شریک ہوں اور انکی خواہش تھی کہ کالج میں لڑکیوں کے لئے ایک سوئمنگ پول تعمیر کیا جائے، اللہ کا شکر ہے کہ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کے تعاون سے بانیان کالج کا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔
پرووسٹ عبداللہ ہال کے پروفیسر غزالہ نے کہا کہ طالبات دستیاب سہولیات کا پورا فائدہ اٹھانے کی سعی کریں۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر ظہیر الدین نے بھی ویمنس کالج میں سوئمنگ پول کے افتتاح پر خوشی کا اظہار کیا۔