اترپردیش کے گریٹر نوئیڈا کے تھانہ سورج پور علاقے میں 28 گائیوں اور 26 بچھڑوں کو مارنے والے ملزم کو آج گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سورج پور پولیس نے ملزم دھرمیندر کو تلپت گول چکر کے قریب سے گرفتار کیا ہے۔ ملزم نے انتقامی کاروائی کے تحت یہ جرم کیا تھا۔ مقامی افراد کا کہنا ہےکہ یہ ملزم مسلم نہیں تھا ورنہ ابھی تک اس پر نہ جانے کتنی دفعات لگ چکی ہوتیں، لیکن اس معاملے میں ابھی تک کسی بھی تنظیم کی جانب سے کوئی بھی آواز نہیں نکلی اور نہ ہی مظاہرہ اور احتجاج ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:سلطان پور: شرپسندوں نے مسلم نوجوان کو ہجومی تشدد کا نشانہ بنایا
پولیس نے بتایا کہ گریٹر نوئیڈا میں واقع گاؤں کھودنا خورد کے رہنے والے اوم ویر سنگھ کی ایک ڈیری ہے۔ اس ڈیری میں دھرمیندر نامی شخص کام کرتا تھا۔ اوم ویر سنگھ نے پولیس کو بتایا کہ کسی وجہ سے اس نے دھرمیندر کو کام سے نکال دیا تھا۔ اس سے دھرمیندر کو غصہ آگیا اور اس نے بدلہ لینے کے لیے ایک بڑا جرم کر ڈالا۔اس کا بدلہ لینے کے لیے ملزم دھرمیندر نے 22 اکتوبر کو اوم ویر سنگھ کی ڈیری میں 28 گائے اور 26 بچھیوں کو زہریلا مادہ کھلایا۔ جس کے بعد ایک ایک کر کے تمام گائے اور بچھڑے مر گئے۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے زہریلا مادہ کا ایک ڈبہ برآمد کیا ہے۔