بریلی ایئرپورٹ سے پرواز شروع ہونے کا انتظار اب ختم ہو نے والا ہے۔ الائنس ایئر لائنس نے بریلی دہلی پرواز کا حتمی شیڈول جاری کر کے آن لائن ٹکٹ کی بکنگ بھی شروع کر دی ہے۔ آنے والی 8 مارچ کو افتتاحی پرواز کچھ وی آئی پی اور دیگر مسافروں کو لیکر دہلی سے بریلی آئے گی، جو یہاں آدھے گھنٹے تک ٹھہرنے کے بعد بریلی ایئر پورٹ سے دہلی کے لیے روانہ ہو جائے گی۔
الائنس ایئر لائنس کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق آئندہ 8 مارچ کو صبح 8 بجکر 55 منٹ پر پرواز دہلی سے بریلی کے لیے روانہ ہوگی۔ اسی صبح 9 بجکر 55 منٹ پر وہ بریلی ائیرپورٹ پہنچے گی۔ بریلی ایئرپورٹ پر آدھے گھنٹے تک ٹھہرنے کے بعد مسافروں کو لیکر فلائٹ نمبر ATR-72 صبح 10 بجکر 25 منٹ پر دہلی کے لیے روانہ ہو جائے گی اور ایک گھنٹے کا سفر طے کرکے صبح 11 بجکر 25 منٹ پر دہلی پہنچ جائےگی۔
دراصل بریلی ایئر پورٹ سے فلائٹ کے شروع کرنے میں کئی مشکلات بھی در پیش آئی۔ اس ایئر پورٹ کا اپنا کوئی رنوے نہیں ہے، لہذا اس کے لیے ایئر فورس کے ترشول اییئر پورٹ کا رنوے کا استعمال کیا جائے گا۔ اس کے لیے الائنس ایئر لائنس نے ایئر فورس کو مجوزہ شیڈول بھیجکر رنوے استعمال کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔ ائیر فورس نے کچھ معمولی تبدیلیوں کے ساتھ شیڈول پر مہر لگا دی اور ایئر فورس نے الائنس ایئر لائنس کو ای میل کے ذریعے تحریری اجازت دے دی۔ اس کے ساتھ ہی بریلی سے دہلی اور دہلی سے بریلی کے درمیان پرواز کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔
آئندہ 8 مارچ کو افتتاحی پرواز کے ساتھ ہی 10 مارچ سے فلائٹ شروع ہوجائے گی۔ ہفتہ میں چار دن فلائٹ کا شیڈول رہےگا۔ بریلی سے دہلی کا کرایہ جی ایس ٹی سمیت 2004 روپے رہےگا. اس فلائٹ کے آغاز کے بعد سفر آسان ہو جائےگا۔ صنعت، کاروبار کے علاوہ تعلیمی اور صحتی اداروں کو بھی فروغ ملنے کے امکانات ہیں۔