اتر پردیش کے سہارنپور میں زرعی قوانین کے خلاف کسانوں نے اپنی گیہوں کی فصل پر ٹریکٹر چلا کر ناراضگی کا اظہار کیا۔ اپنے ہاتھوں سے لگائی فصل کو برباد کرنے کے بعد کسان مایوسی کے ساتھ گھر واپس لوٹ گئے۔
دراصل یہ پورا معاملہ ضلع سہارنپور کے تحصیل بہٹ علاقہ کے گاؤں ڈھابہ کا ہے، جہاں بہت سے کسانوں نے گنے کی ادائیگی نہ ہونے، زرعی قوانین کی مخالفت میں چل رہے کسان تحریک کی کوئی سنوائی نہ ہونے، بجلی کا بل زیادہ آنے کی وجہ سے گیہوں کی فصل کو ٹریکٹر چلاکر برباد کردیا۔
اس سلسلہ میں کسانوں نے حکومت کے تئیں مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'زرعی قوانین کی لمبے وقت سے مخالفت ہورہی ہے لیکن حکومت کسانوں کی بات ماننے کو تیار نہیں ہے۔'
کسانو ں کا کہنا ہے کہ 'اب وہ صرف اتنی ہی فصل اُگائیں گے، جس سے ان کے گھر کا گزر بسر ہوسکے۔ اب حکومت کو فروخت کرنے کے لئے فصل نہیں اگائیں گے۔'