لکھنؤ: اتر پردیش کے لکھنؤ میں ہفتہ ولایت کے عنوان سے 'غدیر سے مباہلہ تک' محفل مقاصدہ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ یہ محفل امام باڑہ سید تقی صاحب تحسین مسجد کے پیچھے شب میں 8 بجے منعقد کیا گیا۔ پہلے دن کی محفل کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا۔ اس کے بعد منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا گیا۔ محفل کو مولانا سید اختر عباس رضوی نجفی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اٹھارہ ذی الحجہ عید غدیر کا دن ہے اور یہ عید خدا تعالیٰ اور آل محمد کی عظیم ترین عیدوں میں سے ہے، ہر پیغمبر نے اس دن عید منائی اور ہر نبی اس دن کی شان و عظمت کے قائل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک روایت کے مطابق امام جعفر صادق علیہ السلام سے پوچھا گیا کہ 'جمعہ، عید الفطر اور عید قربان' کے علاوہ بھی مسلمانوں کے لیے کوئی عید ہے؟ تو امامؑ نے فرمایا: ہاں ان کے علاوہ بھی ایک عید ہے اور وہ بڑی عزت و شرف کی حامل ہے۔ راوی نے عرض کی: وہ کون سی عید ہے؟ امام(ع) نے فرمایا: یہ عید 'عید غدیر' ہے۔ مولانا سید اختر عباس رضوی نجفی نے مزید کہا کہ ہر مومن کو چاہیے کہ عید غدیر کے دن اچھا لباس پہنے، خوشبو لگائے، خوشیاں منائے، مؤمنین سے خوش ہو کر ملے، مومنین کو راضی و خوش کرے، ان کے قصور اور غلطیاں معاف کرے، ان کی حاجات پوری کرے، رشتہ داروں سے نیک سلوک کرے، اہل و عیال کے لئے عمدہ کھانے کا انتظام کرے، مؤمنین کی ضیافت کرے، ان کا روزہ افطار کرائے، مؤمنین سے مصافحہ کرے، ان سے گلے ملے، ان کو تحائف دے، روز غدیر کی عظیم نعمتِ ولایتِ امیرالمؤمنین(ع) پر خدا کا شکر بجا لائے، کثرت سے درود پڑھے اور خدا کی عبادت کرے۔
یہ بھی پڑھیں: Mahfile Mushaira in Moradabad: مرادآباد میں عید غدیر کے موقع محفل مشاعرہ منعقد