مایاوتی نے ایک سلسلے وار ٹویٹ میں کہا کہ اترپردیش حکومت کو عوامی اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہئے اور حکومت کو ایسا کوئی کام نہیں کرنا چاہیئے جس سے برہمن سماج کو خوف، دہشت اور عدم تحفظ کا احساس ہو۔
انہوں نے کہاکہ "بی ایس پی کا خیال ہے کہ کسی غلط شخص کے جرم کی سزا کے طور پر اس کے پورے معاشرے کو اذیت نہیں دی جانی چاہئے اور اسے کٹہرے میں نہیں کھڑا کرنا چاہئے"۔
مایاوتی نے کہا کہ کانپور پولیس قتل کی واردات کے مجرم خونخوار وکاس دوبے اور اس کے حواریوں کے جرم کے بارے میں اس کے سماج میں جو خوف اور دہشت کی باتیں زوروں پر ہیں اسے دور کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح اترپردیش میں مجرم عناصر کے خلاف مہم چلانے کی آڑ میں چن چن کر دلت، پسماندہ اور مسلم معاشرے کے افراد کو نشانہ بنانا، یہ بھی بہت کچھ سیاست سے متاثر لگتا ہے جبکہ ان تمام معاملات میں مجموعی طور پر حکومت منصفانہ اور ایماندار ہونا چاہئے تبھی ریاست جرائم سے پاک ہوگی۔