اترپردیش کے نوئیڈا سمیت پورے گوتم بدھ نگر میں غیر قانونی طریقے سےالٹرا ساؤنڈ سینٹر کا جال پھیلا ہوا ہے۔جہاں خفیہ طور پر جنین قتل کا کاروبار بھی جاری ہے۔اس سلسلہ میں ضلعی کلکٹر بی این سنگھ نے ضلع کے تمام رہائشیوں کو باور کرانے کی کوشش کی ہے کہ ضلع میں کل 189 الٹراساؤنڈ مراکز رجسٹرڈ ہیں۔
عام آدمی کو بھی جنین قتل کی روک تھام کے حوالے سے کلیدی رول ادا کرنا چاہئے۔۔ اگر ضلع میں رجسٹرڈ الٹراساؤنڈ سینٹر کے علاوہ کہیں بھی غیر قانونی طور پر ایسا سینٹر چلایا جارہا ہے ، تو کوئی بھی عام شہری براہ راست ضلعی انتظامیہ اور چیف میڈیکل آفیسر کو خفیہ اطلاع دے سکتا ہے۔ کلکٹر نے کہا ہے کہ مخبر کا نام مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔
معلومات دینے والے شخص کو سرکاری انعام دینے کا بھی ایک نظام موجود ہے۔ ضلع کے رجسٹرڈ الٹراساؤنڈ سینٹر کی ایک فہرست ڈی ایم وار روم کے توسط سے عام شہریوں کو بھجوا دی گئی ہے ، جس کے پیش نظر کوئی بھی عام شہری غیر قانونی الٹراساؤنڈ سینٹر سے متعلق خفیہ طور پر ضلعی کلکٹر اور چیف میڈیکل آفیسر کو معلومات فراہم کر سکتے ہیں۔