لکھنؤ: اتوار کو اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے۔ یہ دھمکی یوپی 112 کے واٹس ایپ نمبر پر پیغام بھیج کر دی گئی۔ دھمکی آمیز پیغام ملتے ہی یوپی 112 میں ہلچل مچ گئی۔ اس کے بعد پیر کو آپریشن کمانڈر نے دھمکی دینے والے شخص کے موبائل نمبر کی بنیاد پر سوشانت گالف سٹی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی۔ اس کی اطلاع اعلیٰ حکام کو بھی دی گئی۔ دھمکی آمیز پیغام ملنے کے بعد پولیس، انتظامیہ اور محکمہ انٹیلی جنس پوری طرح الرٹ ہو گئے ہیں۔
سی ایم یوگی کو جان سے مارنے کی دھمکی کے بارے میں سوشانت گالف سٹی کے انسپکٹر شیلیندر گری نے کہا کہ 23 اپریل کو رات 8:22 بجے یوپی 112 کے واٹس ایپ نمبر پر سی ایم یوگی کو دھمکی دینے والا پیغام موصول ہوا۔ پیغام میں لکھا گیا کہ جلد ہی یوگی کو مار دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ نازیبا ریمارکس بھی کیے گئے۔ اس کے بعد آپریشن کمانڈر انسپکٹر سہیندر کمار نے پولیس اسٹیشن کو شکایتی خط دیا۔ انہوں نے بتایا کہ دھمکی دینے والے کا سراغ لگا لیا جارہا ہے۔ اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:۔ وزیراعلی یوگی کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والا ایک اور گرفتار
اس کے ساتھ ہی یوپی 112 کے انسپکٹر نے یوپی پولیس کے ساتھ ساتھ یوپی اے ٹی ایس کے اعلیٰ افسران کو بھی دھمکی کی اطلاع دی تھی۔ اس سے پہلے بھی یوپی 112 کو واٹس ایپ کے ذریعے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی تھی۔ دھمکی ملنے کے بعد یوپی اے ٹی ایس، ایس ٹی ایف اور سائبر کرائم ٹیمیں سرگرم ہوگئیں۔ اس کے بعد ملزم سرفراز کو راجستھان سے گرفتار کیا گیا۔ یہی نہیں حال ہی میں راجدھانی میں رہنے والے ہندو رہنما دیویندر تیواری کو امیش پال قتل کیس کے مفرور شوٹر گڈو مسلم کے نام ایک خط موصول ہوا، جس میں سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔