ریاست اتر پردیش میں کووڈ 19 کی وجہ سے نافذ کردہ کورونا کرفیو دیہاڑی مزدوروں پر کسی آفت سے کم نہیں ہے۔ کورونا کرفیو کی وجہ سے زیادہ تر تعمیراتی کام بند ہو گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے ان کے سامنے روزی روٹی کا مسئلہ کھڑا ہو گیا ہے۔
زیادہ تر دیہاڑی مزدور قرضدار ہو رہے ہیں، اس کے باوجود وہ اپنے کنبے کی کفالت نہیں کرپارہے ہیں۔ اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں دیہاڑی مزدوروں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے شہر کے چھایہ چوراہا پر لگنے والے مزدوروں کے اڈے کا دورہ کیا۔
مزدوروں کے اس اڈے پر روز صبح سینکڑوں کے تعداد میں مزدور آتے تھے اور محض کچھ گھنٹوں میں یہ اڈا خالی ہو جایا کرتا تھا، لیکن کورونا کرفیو کی وجہ سے مزدوروں کے اس اڈے پر چند مزدور آئے ہوئے تھے اور تقریبا 11 بجے تک وہ کام کا انتظار کر رہے تھے لیکن انہیں کام نہیں مل سکا۔
زیادہ تر مزدوروں نے بتایا کہ وہ 15 روز سے یہاں آ رہے ہیں اور واپس جا رہے ہیں۔ کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے زیادہ تر کام بند ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کام نہ ہونے کی وجہ سے قرضدار ہو رہے ہیں اور ان کے سامنے روزی روٹی کی کفالت بڑا مسئلہ بن رہا ہے۔