وزیراعلیٰ آج یہاں لوک بھون میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ان لاک بندوبست کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے ذریعہ کووڈ 19 پر قابو کرنے کے لیے موثر اقدامات کے نتیجے میں وبا کو ریاست میں قابو کرنے میں کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے قابو کی اس شرح کو برقرار رکھتے ہوئے آنے والے وقت میں کووڈ 19 سے روک تھام اور علاج کے بہتر انتظام کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
یوگی نے کہا کہ انفیکشن کی شرح میں نمایاں کمی کے باوجود کووڈ 19 ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ اس کے پیش نظر ہر سطح پر مکمل احتیاط برتا جائے۔ کورونا کی روک تھام کے بارے میں مسلسل عوام کو بیدار کیا جائے۔ میڈیکل ٹیسٹنگ، سرویلنس سسٹم اور کانٹریکٹ ٹریسنگ کو مستعدی سے انجام دیا جائے نیز کووڈ اسپتالوں میں علاج ومعالجہ کے موثر بندوبست کو چست درست رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت عوام کو اعلی سطحی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ اس کے پیش نظر نئے میڈیکل کالجوں کے قیام کی کارروائی کو موثر انداز میں آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے بغیر میڈیکل کالج والے 16 اضلاع میں میڈیکل کالج کے قیام کے لئے پوری لگن سے کام کرنے کی ہدایت دی۔