علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں آئندہ 21 نومبر سے نارتھ زون انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
اس کی تیاریوں کے سلسلے میں یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریٹر بلاک میں پرو وائس چانسلر پروفیسر اختر حسیب کی صدارت میں ایک میٹنگ ہوئی جس میں ٹورنامنٹ کے بحسن و خوبی انعقاد کے علاوہ ٹیموں کے ٹھہرنے اور انہیں درکار سہولیات پر گفتگو کی گئی۔
پروفیسر اختر حسیب نے کہا کہ 'انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد اے ایم یو کے لیے باعث مسرت ہے۔ ٹورنامنٹ کے شروع ہونے سے قبل اس بات کی یقینی بنایا جائے کے سبھی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو کسی طرح کی کوئی پریشانی نہ ہو۔
انہوں نے متعلقہ اہلکاروں کو اس سلسلے میں ضروری ہدایات دی۔
گیمز کمیٹی کے سیکرٹری پروفیسر ایس امجد علی رضوی نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ 21 نومبر سے شروع ہو کر پانچ دسمبر تک چلے گا جس میں شرکت کے لیے شمالی خطہ سے 75 یونیورسٹی کی ٹیموں نے اپنی منظوری دے دی ہے۔
میٹنگ میں کارگزار رجسٹرار ڈاکٹر ناظم حسین جعفری، پروکٹر پروفیسر عفیف اللہ خاں، ڈی ایس ڈبلیو پروفیسر شمس الحق صدیقی، کرکٹ کوچ فیصل شیروانی کے علاوہ مختلف کلبوں کے سربراہان، کوچ، ممبر انچارج اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے اہلکار موجود تھے۔