کانگریس جنرل سکریٹری و اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے پارٹی کارکنوں سے سوشل میڈیا کی طاقت کو سمجھتےہوئےاس پر اپنی سرگرمی میں اضافہ کرنےکی اپیل کی ہے۔
واڈرا نے اتوار کو یہاں منعقد پرتگیہ سمیلن میں پارٹی کارکنوں سے کہا کہ اب سوشل میڈیا کا زمانہ ہے۔ہمیں وہاٹس ایپ، فیس بک، انسٹا گرام اور ٹوئٹر پر سرگرم ہوکر کانگریس کی پالیسیوں کوعوام تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری نےکہا کہ ہر ایک کارکن اور بوتھ سطح کی کمیٹیوں کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ بوتھ پر اپنی مضبوط ٹیم بنائیں۔انہوں نے اس کے ساتھ ہی بوتھ کی ووٹر لسٹ کی تصدیق کرنےکی بھی کارکنوں کو نصیحت دی۔ انہوں نے کہا'آج ایک مہم کے تحت کانگریس کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ہمارے عقیدے اور ایمانداری پر سوال کھڑے کئے جارہے ہیں۔ ہماری حب الوطنی پر طنز کسے جارہے ہیں۔
واڈرا نے کسی پارٹی سے اتحاد کرنے کے امکانات کو خارج کرتے ہوئےکہا کہ کانگریس اترپردیش کی سبھی اسمبلی سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے گی جن میں سے 40فیصدی ٹکٹ خواتین کو دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عام شخص کو ٹکٹ دینا چاہتی ہے۔ جو صحیح معنوں میں عوامی نمائندوں کے طور پر لوگوں کے مسائل کو اسمبلی میں موثر انداز میں اٹھا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 70سال میں 70روپئے تک پہنچی جب کہ 60مہینوں میں اسے 108 روپئےتک پہنچا دیا گیا ۔کسانوں کو کھاد، بجلی نہیں مل پارہی ہے۔غریب آدمی گیس سلنڈ نہیں بھرو ا پارہا ہے۔کاروباریوں کے کاروبار ختم ہوچکےہیں۔ یہ سب حکومت کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
واڈرا نے میرٹھ اور علی گڑھ ڈویژن کے 14اضلاع کے تقریبا 5000کارکنوں کو انتخابی جیت کے گر سکھائے۔ انہوں نے کہا گھر گھر کانگریس کا جھنڈا لگانا ہے اور اترپردیش جیتنا ہے۔ یہ لڑائی کانگریس کی نہیں اترپردیش کے ہر شہری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں اب تک 50ہزار کانگریسی کارکن تربیت حاصل کرچکے ہیں۔آئند ایک مہینے میں دو لاکھ کارکنوں کو ٹریننگ دینے کا ہدف ہے۔
یواین آئی