ریاست اتر پردیش کے ضلع بجنور میں لو جہاد کے نام پر ایک نوجوان کی سوشل میڈیا پر پٹائی کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں مقامی باشندے ایک نوجوانوں کو ڈنڈوں سے پٹائی کرتے نظر آ رہے ہیں۔
دراصل بجنور کے دھام پور کے گاؤں بیرکھیڑا چوہان میں سونو عرف ثاقب قریبی گاؤں نصیر پور میں اپنے دوست کے یہاں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لئے گیا تھا۔ سالگرہ کی تقریب میں ایک 16 سالہ دلت لڑکی بھی شرکت کے لئے آئی تھی۔
بتایا جا رہا ہے کہ 20 دسمبر کی دیر رات گھر لوٹنے کے دوران نابالغ لڑکی کو گاؤں کے مقامی لڑکوں نے روک لیا اور اتنی رات گھر سے باہر رہنے پر پوچھ گچھ کی۔ اور اس کے ساتھی سونو عرف ثاقب کو فون کرکے بلایا۔ سونو کے آنے کے بعد ہجوم نے اسے ڈنڈوں سے جم کر پیٹا۔
وہیں 16 سالہ لڑکی کے والد کی تحریر پر پولیس نے 20 دسمبر کو سونو کے خلاف سیکشن 363/366 اور 18 پوسکو ایکٹ وی 3 (2) اور ایس سی / ایس ٹی ایکٹ سیکشن 3/5 (1) کے تحت آزادی مذہب ایکٹ کے خلاف اترپردیش قانون 2020 کے تحت دھام پور پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم کو جیل بھیج دیا۔
وہیں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی سونو عرف ثاقب کی پٹائی کی ویڈیو پر ایس پی نے سخت ایکشن لیتے پٹائی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایس پی کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے، پولیس معاملے کی مزید جانچ کر رہی ہے۔