ہاتھرس جنسی زیادتی کی شکار لڑکی اور اس کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کے لئے پورے ملک میں احتجاج جاری ہے۔ عام آدمی پارٹی کی نوئیڈا یونٹ نے اترپردیش خواتین کمیشن کی چئیرپرسن وملا باتھم کے استعفیٰ کی مانگ کرتے ہوئے ان کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کیا ہے، لیکن پولیس نے پہلے ہی عام آدمی پارٹی کے ضلعی صدر بھوپیندر جادون کو گھیراؤ نہ کرنے کی نوٹس پکڑا دی اور ایسا نہ کرنے کی اپیل بھی کی۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے باوجود عام آدمی پارٹی کے کارکنان نے گھیراؤ کا فیصلہ کیا اور وملا باتھم کی رہائش گاہ کی جانب نعرہ بازی کرتے ہوئے ایسکان مندر سیکٹر 33 سے آگے بڑھنے لگے لیکن بڑی تعداد میں موجود پولیس اہلکاروں نے انہیں آگے جانے سے روک دیا۔ وہیں عام آدمی پارٹی نے ڈی سی پی رجنیش کمار کو میمورنڈم دیا جو گورنر کے نام منسوب تھا۔
عام آدمی پارٹی کے ضلعی صدر بھوپیندر جادون نے کہا کہ 'اترپردیش میں بیٹیاں محفوظ نہیں ہیں اور خواتین کمیشن کی چیئرپرسن اس پورے معاملے میں خاموشی اختیار کی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہیں کا بھی دورہ نہیں کیا اور نہ ہی کسی ٹھوس کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پھر جواز نہیں بنتا کہ وہ عہدہ پر بنی رہیں۔'