ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں درگاہ و آستانہ عالیہ ثقلینیہ شرافتیہ میں حضرت سیدنا شیخ احمد مجدد الف ثانی کا 409 واں عرس پاک درگاہ شاہ شرافت میاں کے پیر و مرشد شاہ محمد ثقلین میاں کی سرپرستی میں منایا گیا۔
اس مبارک موقع پر شاہ محمد ثقلین میاں نے حضرت مجدد الف ثانی کی فضیلتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 'حضرت مجدد الف ثانی ہمارے سلسلے کے عظیم بزرگ ہوئے ہیں۔ اسلامی عقائد کے اطوار سے آپ کے بابت حضور سیدنا غوثِ اعظم عالم دستگیرؒ نے 400 سو برس قبل بشارت دی تھی۔ آپ کو ایک ہزار برس کا مجدد بنایا گیا۔
حضرت ثقلین میاں نے مزید کہا کہ 'خاص بات یہ ہے کہ آپ نے ہی 'فتنہء اکبری' یعنی جسے دین اکبری بھی کہتے ہیں، اُس کو نیست و نابود کرنے کا عظیم کار نامہ انجام دیا۔'
حضرت مجدد الف ثانی کے قل شریف کی رسم ادائیگی میں تمام زائرین شرکت کرنے پہنچے۔ اس موقع پر 'محفلِ ذکرِ اللہ ہو' بھی سجائی گئی جس میں نعت و منقبت کے علاوہ حضرت الف ثانیؒ کی شان میں شاندار کلام پیش کیے گئے۔'
یہ بھی پڑھیں: بریلی تصادم: تقریباً 500 زائرین کے خلاف مقدمہ۔
ان تمام تقریبات کی معلومات فراہم کرانے والے درگاہ شاہ شرافت میاں کے میڈیا انچارج حمزہ ثقلینی اور صحافتی ترجمان غازی ثقلینی نے بتایا کہ 'یکم ربیع الاول سے شاہ شرافت میاں کا عرس بھی شروع ہو گیا۔ اس میں پہلے دن پرچم کشائی کی رسم ادائیگی میں پرچم اُٹھایا گیا، جو درگاہ سے شروع ہوکر شہر کے طے شدہ مختلف راستوں سے نکلتا ہوا درگاہ شاہ شرافت میاں پر پہنچے گا۔