ریاست اتر پردیش کے بھدوہی کے ایک کورنٹائن سینٹر سے 17 افراد فرار ہوگئے۔ جنہیں دو گھنٹے کی کڑی مشقت کے بعد پکڑا گیا اور واپس لایا گیا۔ فی الحال سبھی افراد کو سخت سکیورٹی میں رکھا گیا ہے۔
دراصل بھدوہی کے ' جواہر نودیہ ودیالیہ' میں دوسرے ضلع سے آنے والے لوگوں کے لئے ایک شیلٹر ہوم بنایا گیا تھا۔ جس میں 44 افراد کو قرنطین کیا گیا تھا۔ اسکول کے شیلٹر ہوم سے اچانک 17 افراد فرار ہوگئے۔
معاملے کی جانکاری ملتے ہی انتظامیہ نے سرچ آپریشن کر ان 17 افراد کو جنگی گنج سے گرفتار کیا۔ پکڑے جانے والے ان افراد کو نووڈیا اسکول میں واپس لایا گیا اور سخت سیکیورٹی میں رکھا گیا۔
شیلٹر ہوم سے فرار ہونے والوں میں خواتین، بچے اور بہار کے رہنے والے کچھ مزدور شامل تھے۔ ان لوگوں کا کہنا ہے کہ ' ہمیں اپنے گاؤں جانا ہے۔'
انتظامیہ اس معاملے میں لاپرواہی برتنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کی بات کر رہی ہے۔