اُدھم پور ضلع کے پنچایت کشراہ کے گاؤں بریال کو مائیکرو کنٹینمینٹ زون قرار دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز یہاں کورونا کے چار مریض پائے گئے تھے، لیکن آج مزید 12 افراد کورونا مثبت پائے گئے ہیں، جس کے بعد ضلع انتظامیہ نے بریال گاؤں کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار دے دیا ہے۔ یہاں کسی بھی بیرونی شخص کی آمد پر پابندی ہے اور کوئی بھی باہر نہیں جا سکے گا۔
وہیں ضلعی کمشنر نے یہ حکم بھی جاری کیا ہے کہ کورونا کی ہدایت نامے پر عمل نہیں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ماسک پہننا لازمی ہے اور شہر میں جتنے بھی دکاندار ہیں اگر وہ دکان میں لوگوں کی زیادہ ہجوم رکھیں گے تو اس کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی اور دکانوں کو بھی سیل کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کی یہ دوسری لہر ہے۔ ادھم پور میں رواں سال میں پہلی بار منی کنٹینمنٹ زون کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ علاقہ کنٹیمنٹ زون میں تبدیل ہونے کے بعد لوگوں میں اب پریشانی تو ہے، لیکن ضلعی انتظامیہ کسی طرح کی نرمی نہیں برتنا چاہتی، اس لیے انتظامیہ کی جانب سے سختی کی جا رہی ہے۔
وہیں ضلع انتظامیہ نے متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کردیئے ہیں کہ یہاں کھانے پینے کی فراہمی مکمل کی جائے اور محکمہ صحت کی ٹیموں کو بھی ادویات تقسیم کرنے کے لیے کہا گیا۔