نظام آباد کے بی جے پی رکن پارلیمان ڈی اروند نے نئی دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی آر اور وزیر اعلی کے سی آر پر نکتہ چینی کی۔
ڈی اروند نے کہا کہ کےتارک راما راو اور ان کے والد مرکز کے خلاف جھوٹی تشہیر کررہے ہیں۔ اور روزانہ جھوٹ پر جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ مرکز نے تلنگانہ ریاست کو کووڈ-19 کے خاتمے کے لیے سات ہزار کروڑ روپئے کی امداد کی ہے۔ جبکہ کے ٹی آر نے جھوٹ کہا کہ مرکز نے صرف 200 کروڑ فراہم کیے ہیں۔
انھوں نے سخت لہجے میں کہا یہ باپ بیٹا تلنگانہ کی عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انتظامیہ کی باگ دوڑ سنبھالنا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ، کے سی آر اور کے ٹی آر ریاست کی عوام کے لیے کچھ اچھا تو نہیں کرسکے، مگر کم از کم جھوٹ سے پرہیز کریں۔
اس موقع پر انھوں نے میڈیا کو بھی انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ 'میڈیا کے سی آر اور کے ٹی آر کی جھوٹی باتوں کی نشرواشاعت کرنا بند کرے ورنہ آپ کو مستقبل میں پریشانی ہوگی۔'