آندھراپردیش میں کورونا وائرس کے71نئے مثبت معاملات درج ہوئے ہیں۔ اس تلگوریاست میں روز بروز کورونا وبا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جمعرات کو نئے معاملات کے سلسلہ میں بلیٹن جاری کیاگیا ہے۔ نئے معاملات کے ساتھ ہی کورونا وائرس کے مریضوں کی ریاست میں تعداد بڑھ کر1403تک جا پہنچی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔ سب سے زیادہ معاملات گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع کرنول میں درج کئے گئے ہیں۔ اس ضلع میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔
دوسرے نمبر پر ضلع کرشنارہا جہاں 10معاملات کورونا وائرس کے درج کئے گئے ہیں۔ اضلاع وجیانگرم، وشاکھاپٹنم،سریکاکلم، پرکاشم، مغربی گوداوری میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئی بھی نیا معاملہ درج نہیں ہوا ہے جبکہ بہ حیثیت مجموعی 386معاملات کے ساتھ سب سے آگے ضلع کرنول ہے۔
ضلع گنٹور میں287 معاملات درج کئے گئے ہیں۔ اب تک321افراد روبہ صحت ہوگئے ہیں جن کو گھرجانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔سب سے زیادہ روبہ صحت ہونے والے افراد گنٹور ضلع کے ہیں۔
تاحال ریاست میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 31 تک جاپہنچی ہے۔