حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر صحت ہریش راو نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہتر صحت عامہ کیلئے وزیراعلی چندر شیکھر راو نے پلے دواخانے، بستی دواخانے، پرائمری ہیلت سنٹرس، ایریا اسپتالوں اور ٹیچنگ اسپتالوں کا قیام عمل میں لایا ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں پرائیویٹ اسپتالوں کی طرز پر بہتر طبی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ ریاستی حکومت کا بنیادی مقصد غریبوں کو معیاری صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنا ہے۔
وزیر موصوف نے سدی پیٹ ضلع کے گٹلا مالیا میں 63 لاکھ روپے سے پرائمری ہیلت سنٹر کی عمارت کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت دیہاتوں کو تمام سہولیات کے ساتھ مثالی بنا رہی ہے۔ انہوں نے سدی پیٹ بلدیہ کے زیر اہتمام گھر گھر پودے تقسیم کرنے کے پروگرام میں بھی شرکت کی اور پرچم لہرا کر پروگرام کا آغاز کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ تلنگانہ واحد ریاست ہے جس نے شجرکاری کے ذریعہ 7.4 فیصد سرسبزی وشادابی میں اضافہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں: تلنگانہ: وزیر صحت نے حفظان صحت کی برقراری کی ضرورت پر زور دیا
انہوں نے کہا کہ عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے صرف اسپتال بنانا ضروری نہیں بلکہ انہیں بیماریوں سے بچانا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت اگانے سے صحت کو ہر طرح سے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ مشن بھاگیرتا کے ذریعہ محفوظ پینے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے۔
یو این آئی