حیدرآباد: حیدرآباد میں رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کو متفقہ طور پر بلا مقابلہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) پارٹی کا مسلسل چوتھی مرتبہ قومی صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔ مجلس اتحاد المسملین کے رکن اسمبلی احمد پاشا قادری نے باضابطہ طور پر اویسی کے صدر منتخب ہونےکا اعلان کیا۔ رکن اسمبلی احمد پاشاہ قادری نے الیکشن ریٹرننگ آفیسر کی حیثیت سے کام کیا۔
ایم آئی ایم پارٹی صدر کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ منگل 27 ستمبر کو ختم ہوگئی۔ مجلس کے رکن اسمبلی احمد پاشا قادری نے بدھ کو اعلان کیا کہ صدر کے عہدے کے لیے اسد الدین اویسی واحد امیدوار ہیں ان کے علاوہ پارٹی کے صدر کے لئے کسی نے پرچہ نامزدگی داخل نہیں کیا ہے۔ مجلس کے اراکین اسمبلی، ایم ایل سی، کارپوریٹرس اور رہنماؤں نے اسد الدین اویسی کو بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ صدر کے انتخاب کے بعد نئی ایگزیکٹیو کمیٹی کا تقرر عمل میں آئے گا۔
مزید پڑھیں: وہ دن دور نہیں جب پارلیمنٹ میں مسلم شخص کو ہجومی تشدد کا نشانہ بنایا جائے گا: اویسی
واضح رہےکہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) پارٹی کا ہیڈکوارٹر حیدرآباد میں ہے اور اس کا قومی پارٹی دفتر حیدرآباد کے علاقے نامپلی میں دار السلام کے نام سے موجود ہے۔ حیدرآباد میں مجلس کے سات اراکین اسمبلی ہیں جبکہ درجنوں ایم ایل سی اور کارپوریٹرز ہیں۔ اور پارٹی کے دو اراکین پارلیمنٹ ہیں۔ حیدرآباد حلقہ سے اسد الدین اویسی اور ریاست مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد سے امتیاز جلیل ہے۔ اس کے علاوہ مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاوں سے، بہار سے ایک رکن اسمبلی ہے۔