بدھ کے روز ریاست میں قدر راحت ہوئی مگر پھر شام کو حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔ شدید بارش کی وجہ سے حیدرآباد کے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
لنگرحوض، گولکنڈہ، نالا نگر، ٹولی چوکی، چارمینار، بہادر پورہ، زوپارک، پرانا پل، مہدی پٹنم، حفیظ پیٹ، میاں پور، شیرلنگم پلی، امیر پیٹ، ایس آر نگر، رحمت نگر، یوسف گوڑہ، بوئن پلی اور الوال میں بارش ہوئی۔
ریاست کے متعدد حصوں میں موسلا دھار بارش سےمعمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی۔
ریاستی حکومت کی درخواست پر این ڈی آر ایف کی چار ٹیمیں، فی الحال امدادی کاموں میں مصروف ہے۔
این ڈی آر ایف نے بتایا کہ اس نے حیدرآباد اور رنگاریڈی اضلاع میں پھنسے ہوئے علاقوں سے ایک ہزار سے زیادہ افراد کو ریسکیو کیا۔
بھارتی فوج تلنگانہ میں امدادی کاموں اور سیلاب سے بچاؤ کے کاموں میں شامل ہوگئی ہے۔ کئی پھنسے ہوئے افراد کو حیدرآباد میں محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
بارش سے متاثرہ حیدرآباد کے کچھ حصوں میں فوج امدادی اقدامات انجام دے رہی ہے۔ بدھ کے روز متعدد پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالا گیا۔ موسلا دھار بارش نے کم از کم 50 افراد کی جان لے لی۔ شہر کے دیگر نشیبی علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے کئی لوگ اپنے گھروں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ فوج کی طبی ٹیمز متاثرین کو ابتدائی طبی امداد اور ضروری اشیا فراہم کر رہی ہے۔ پھنسے ہوئے افراد کو کھانے کے پیکٹز بھی فراہم کیے گئے۔
دوسری جانب وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست کی بجلی کمپنیز کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ریاست میں برقی کی مکمل بحالی تک چین سے نہ بیٹھیں۔
ٹی ایس جینکو اور ٹی ایس ٹرانسکو کے عہدیداروں کے ساتھ پرگتی بھون میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست بھر میں شدید بارش اور سیلاب جیسی صورتحال کے پیش نظر بجلی محکمہ پوری طرح چوکس ہے۔
وزیراعلی نے اس موقع پر برقی بحالی کیلئے کئے جارہے اقدامات سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے شدید بارش کے باعث محکمہ سے نقصانات کی تفصیلات بھی حاصل کیں اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں اور ضروری اقدامات کریں۔
نشیبی علاقوں کی عوام کو بجلی سے متعلق چوکس رہنے کی بھی ہدایت دینے پر زور دیا۔ جینکو اور ٹرانسکو کے چیئرمین و منیجنگ ڈائرکٹر ڈی پربھاکر راؤ نے برقی کی بحالی کیلئے کئے جارہے اقدامات کی تفصیلات سے وزیر اعلی کو واقف کروایا۔
انہوں نے بتایا کہ شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے کئی مقامات پر ٹرانسفارمرس بہہ گئے۔
بارش کی وجہ سے بجلی کھمبوں اور تاروں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بعض مقامات پر احتیاطی اقدام کے طور پر بجلی بند کی گئی۔ تاہم جلد ہی بجلی کو بحال کیا جائے گا۔
تلنگانہ حکومت نے بارش کے نتیجے میں گریٹر حیدرآباد میں آؤٹر رنگ روڈ (او آر آر) کے اندر جمعرات تک تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ شہری ترقیاتی سکریٹری اروند کمار نے تمام نجی اداروں، دفاتر اور غیر ضروری خدمات میں تعطیل کا اعلان کیا اور گھر سے کام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) ڈیزاسٹر منیجمنٹ ڈائریکٹر نے علاقے کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ گھر میں رہیں اور ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ڈی آر ایف) کے ذریعہ کئے گئے امدادی سرگرمیوں اور معمول پر لانے والے کاموں میں تعاون کریں۔
یہ بھی پڑھیں:حیدرآباد میں طوفانی بارش: نقصانات پر صدر و وزیراعظم کا اظہار افسوس