بنگلور میں گزشتہ دنوں کشیدگی کے تناظر میں حیدرآباد کمشنر آف پولیس (سی پی) انجنی کمار نے افسران اور سٹی پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پوسٹز پر کڑی نظر رکھے جانے کی بات کہی ہے۔
بنگلور میں ہونے والے کشیدگی کے بعد کمار نے تمام اعلی پولیس افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی۔
انہوں نے کہا ہے کہ 'کسی بھی طرح کی ہنگامی صورت حال میں فوری موقع پر پہنچنے کے لیے رسپانس کا وقت 10 منٹ سے بھی کم ہونا چاہئے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'تمام سینئر افسران موقع پر پہنچنے، صورتحال کو قابو میں رکھنے اور پرامن رکھنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں'۔
انجنی کمار نے کہا کہ 'تمام ایس ایچ اوز اور ایڈیشنل انسپکٹرز ڈویژنل اے سی پی کے ساتھ تھانہ میں چوبیس گھنٹے موجود رہیں اور رات بھر زون میں رہیں'۔
انہوں نے کہا ہے کہ 'ہمارے ہاں فرقہ وارانہ حالات کے لئے کوئی رواداری نہیں ہے، اس پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ تمام افسران، بلیو کولٹ کی ٹیمیں اور گشتی کاریں جلد سے جلد موقع پر پہنچنی چاہئیں'۔
ادھر سائبر آباد پولیس کمشنر وی سی سجن نے لوگوں کو سوشل میڈیا پر نامناسب اور اشتعال انگیز مواد کی تشہیر کرنے کے خلاف متنبہ کیا۔
پولیس کمشنر وی سی سجن نے کہا ہے کہ 'جیسا کہ آپ واقف ہیں، سوشل میڈیا کی ایک بدنیتی پر مبنی پوسٹ بنگلور میں کشیدگی کا باعث بنی ہے، جس کے نتیجے میں جان و مال کو نقصان پہنچا ہے۔ سوشیل میڈیا پر نامناسب مواد پوسٹ یا شیئر نہ کریں جس سے معاشرے میں امن عامہ بری طرح متاثر ہوگا'۔
آخر میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سائبر آباد پولیس غیر قانونی عناصر کی تلاش میں ہے، جو سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مواد پھیلاتے ہیں۔ جس سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوسکتے ہیں۔