تلنگانہ کے وزیر صحت ای راجندر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 34 افراد کو صحتیاب ہونے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر اب تک 721 کورونا کے مریضوں کو صحتیاب ہونے کے بعد ڈسچارج کیا گیا اور اس وبا سے 29 اموات ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثر ایک حاملہ خاتون کی کامیاب زچگی عمل میں لائی گئی اور سیزیرن کے ذریعہ زچگی انجام دی گئی جبکہ ماں اور بچہ دونوں کی حالت بہتر ہے۔ بچہ کا وزن تین کیلو ہے اور وہ صحت مند ہے۔
ای راجندر نے بتایا کہ ریاست کے مختلف ہسپتالوں میں 276 کورونا مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کنٹینمنٹ زونس میں مزید سختی برتے ہوئے وائرس کو پھیلنے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ حیدرآباد میں تیس سرکلس ہیں جہاں مکمل طور پر لاک ڈاون پر عمل آوری کی جارہی ہے۔
وزیرصحت نے مزید کہا کہ بیرون ممالک اور ریاستوں سے آنے والے شہریوں کو ہوم کورنٹائن میں رکھا جائے گا۔