\سرینگر: اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت خریدی گئی 6 ای بسوں کا آزمائشی سفر جمعرات کو سرینگر میں شروع ہوا۔ تجرباتی بنیادوں پر یہ بسیں لال چوک سے نشاط تک چلیں گی جبکہ مذکورہ بسوں کی واپسی فارشور روڈ سے ہوگی۔ سرینگر اسمارٹ سٹی لمیٹڈ کے سی ای او اور ایس ایم سی کے کمشنر اطہر عامر خان نے کہا کہ آج سے مذکورہ ای بسوں کا ٹرائل رن شروع کر دیا گیا ہے اور آنے والے وقت میں مزید ای بسیں سرینگر کے مختلف روٹ پر دوڑتی ہوئی نظر آئیں گی۔
ایل جی انتظامیہ نے جموں اور کشمیر کے سرینگر شہروں کے لیے 2 سو ای بسیں خریدیں ہیں اور دونوں شہروں میں سو ، سو بسیں سڑکوں پر دوڑیں گی تاکہ لوگوں کے سفر کو آسان اور آرام دی بنایا جاسکے۔مذکورہ ای بسیں کافی آرام دہ ہونے کے ساتھ ساتھ ماحول دوست بھی ہیں جبکہ ایئر کنڈیشنڈ کے علاوہ بسوں کے اندر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب ہیں۔
وہیں دوسری جانب ان بسوں میں ڈیجیٹل آن بورڈنگ کی سہولت اور لائیو ٹریکنگ بھی موجود ہوگی تاکہ لوگ بسوں کے آنے اور جانے کے اوقات کار سے متعلق بھی آگاہ رہیں۔
مزید پڑھیں: Smart Buses in Kashmir سرینگر اسمارٹ سٹی میں سو سمارٹ گاڑیاں چالو کرنے کا سلسلہ اسی ماہ سے شروع ہوگا، صوبائی کمشنر کشمیر
واضح رہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد زیادہ لوگوں کو پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی طرف راغب کرنا ہے تاکہ ٹریفک جام اور آلودگی سے شہر کر بچایا جاسکے۔ گذشتہ برس جموں وکشمیر انتظامیہ نے ٹاٹا موٹرس لمیٹڈ اور چالو موبیلیٹی پرائیوٹ لمیٹڈ کے ساتھ جموں اور سرینگر میں200 الیکٹرک بس سروس کے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے تھے۔ان ماحول دوست بسوں کے چارجنگ اسٹیشن پنتھ چوک میں قائم کیے گئے ہیں۔