سرینگر شہر میں جموں و کشمیر پولیس کے اسپتال میں عالمی وبا کورونا وائرس کے دو مثبت معاملے سامنے آنے کے بعد اسپتال کو احتیاطی طور بند کر دیا گیا۔
پولیس اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر بلال راجا نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’گزشتہ شب اسپتال کے او پی ڈی میں پیشہ وارانہ خدمات انجام دے رہے دو ڈینٹسٹ کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے۔ ان کی کورونا رپورٹ مثبت آنے کے بعد اسپتال کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’اس وقت تمام ملازمین اور طبی عملے کی کورونا وائرس جانچ چل رہی ہے۔ اور تمام احتیاطی تدابیر پر بھی سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ تمام کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی اسپتال کو دوبارہ کھولنے کے تعلق سے کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ اس ہسپتال میں صرف جموں و کشمیر پولیس کے اہلکار اور ان کے اہل خانہ کا علاج ومعالجہ ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب تک مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3324 تھی جن میں 2202 معاملے ایکٹیو (فعال) ہیں جبکہ 1086 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جموں و کشمیر میں ہفتہ کی دوپہر دو افراد کی موت ہونے سے اب تک اس وبا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 38 پہنچ چکی ہے جن میں 5 صوبہ جموں جبکہ دیگر 33 صوبہ کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔