سرینگر: جموں وکشمیر عوامی مجلس عمل نے تنظیم کے دیرینہ رکن، خاندان میرواعظین کے محب خاص اور تنظیم کے حلقہ صدر نواب بازار محمد یوسف خان کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی تنظیم کے تئیں خدمات اور قربانیوں کو ناقابل فراموش قرار دیا ہے۔ مرحوم کے انتقال پر اپنے تعزیتی بیان میں میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے کہا ہے کہ مرحوم نے پچاس سال سے زائد عرصے تک اپنی خدمات اور صلاحیتوں کو تنظیم کیلئے وقف کر رکھا تھا اور اس طویل دورانیہ میں مرحوم نے اپنے قائد شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق کے شانہ بشانہ عوامی مجلس عمل کو ایک فعال اور منظم تنظیم بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کے انتقال سے تنظیم کے صفوں میں جو خلا پیدا ہوا ہے وہ مشکل سے ہی پُر ہو سکتا ہے۔
میرواعظ نے بیان میں کہا ہے کہ ’’مرحوم کی تنظیم کے تئیں گرانقدر خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔‘‘ میرواعظ نے مرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ اس سانحہ پر اپنی دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل اور نعم البدل کی دعا کی ہے۔ ادھر، مرحوم کے نماز جنازہ میں تنظیم کے جملہ اراکین اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازں تنظیم کے وفد نے مرحوم کے گھر جاکر خان صاحب کو ان کی دیرینہ خدمات کے تئیں خراج عقیدت ادا کیا اور غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: Mirwaiz Condolence on Rahi’s Demise میرواعظ نے راہیؔ کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا