سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے بعض حصوں میں برف باری اور بارشیں ہوئیں جبکہ سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4 انچ تازہ برف ریکارڈ ہوئی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں ہلکی بوندا باندی ہوئی جبکہ قاضی گنڈ میں 4.2 ملی میٹر بارش ، پہلگام میں بھی4.3 ملی میٹر، کپوارہ میں 7.6 ملی میٹر اور کوکر ناگ میں 4.2 ملی میٹر برش ریکارڈ ہوئی ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 22 سے25 فروری تک موسم جزوی طور ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں 26 اور 27 فروری کو بھی موسم عام طور پرابر آلود رہنے کا امکان ہے اور اس دوران بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکے درجے کا برف و باراں متوقع ہے۔ برف و باراں کے باوجود وادی میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے4.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے4.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
یو این آئی