جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کے دو شہری کووڈ 19 کے نئے اسٹرین سے متاثر پائے گئے ہیں اور یہ دونوں شہری حالیہ دنوں انگلستان سے واپس آئے تھے۔
سرینگر کے جواہر لال نہرو میموریل ہسپتال کے کووڈ کی نوڈل افسر ڈاکٹر بلقیس شاہ نے بتایا کہ ان دونوں افراد، جن کا تعلق صورہ اور زکورہ سے ہیں، کو کووڈ 19 کی علامات پانے کے بعد ٹیسٹ کیا گیا جس میں ان کے نئے کووڈ اسٹرین سے متاثر ہونے کے خدشات ظاہر ہوئے۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کے نمونے دہلی بھیجے گئے ہیں تاکہ یہ پتہ لگایا جائے کہ کیا یہ یقینی طور نئے اسٹرین میں مبتلا ہیں کہ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں شہری انگلستان سے آئے ہوئے ہیں اور ان کو ہسپتال میں نگہداشت وارڈ میں قرنطینہ کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ ان کے رابطے میں آنے والے افراد کا بھی ٹیسٹ کرے گا۔
غور طلب ہے کہ اگر ان کے نمونے مثبت پائے گئے تو یہ وادی میں پہلے دو ایسے معاملات ہوں گے جو کووڈ 19 کے نئے اسٹرین میں مبتلا ہوں گے۔
اس سے قبل جموں صوبے میں 11 افراد اس نئے اسٹرین میں مبتلا پائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ کووڈ 19 کے نئے اسٹرین کے معاملے انگلستان میں پائے جا چکے ہیں جس کے بعد وہاں لاک ڈاون نافذ کیا گیا ہے اور چند ممالک نے اس ملک کو جانے والی پروازوں پر پابندی عائد کی ہے۔