جموں و کشمیر یونین ٹریٹری حکومت نے ایک اعلیٰ سطح اور دو صوبائی سطح کی کمیٹیاں تشکیل دیں۔ یہ کمیٹیاں یوٹی میں ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے انعقاد کے لئے نقشِ راہ مرتب کریں گی۔
انتظامیہ کی جانب سے طریقہ کار اور نقش راہ مرتب کرنے کیلئے ایپکس اور صوبائی کمیٹیوں کی تشکیل دی ہے جس میں 20 اضلاع میں اس نوعیت کے انتخابات پہلی بار ہوں گے۔ ان انتخابات کے ساتھ ساتھ ان پنچایتوں میں بھی پنچایت انتخابات منعقد کرائے جائیں گے جہاں پر پہلے سے پنچ سرپنچ کی جگہ خالی ہیں۔
اس ضمن میں جی اے ڈی کی جانب سے جاری کئے گئے حکمنامے میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر یونین ٹریٹری ضلع ترقیاتی کونسلروں کے انتخابات کے لئے ایک مفصل شیڈول اور نقشِ راہ مرتب کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی اور صوبائی سطح کی کمیٹیاں تشکیل دینے کو منظوری دی جارہی ہے۔
حکمنامے کے مطابق اعلیٰ سطحی کمیٹی میں پرنسپل سیکرٹری داخلہ بحیثیت چیئرمین اور ڈائریکٹر جنرل پولیس جے اینڈ کے، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس سی آئی ڈی، ڈویژنل کمشنر جموں اور ڈویژنل کمشنر کشمیر، محکمہ ٹرانسپورٹ کے نمائندہ جو کہ ایڈیشنل سیکرٹری کے درجے کے ہوں گے، بحیثیت کمیٹی کے ارکان ہوں گے جبکہ سیکرٹری محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج اعلیٰ سطحی کی کمیٹی کے ممبر سیکرٹری ہوں گے۔ کمیٹی میں ایک اور ممبر کو بھی شامل کیا سکتا ہے۔
اپیکس کمیٹی یونین ٹریٹری میں صوبائی سطح کی کمیٹی یونین ٹریٹری میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات کے لئے ایک مفصل شیڈول اور نقش راہ مرتب کرے گی۔ یہ نقش راہ صوبائی سطح کی کمیٹیوں کی آرا اور زمینی سطح پر صورتحال اور دیگر لوازامات بشمول حفاظت، لاجسٹکس، سازو سامان کو مد نظر کر کے تجزیہ کریں گی۔ کشمیر سطح کی صوبائی سطح کی کمیٹی کے چیئرمین ڈویژنل کمشنر کشمیر ہوں گے جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر رکن، دائریکٹر دیہی ترقی کشمیر ممبر سیکرٹری کے علاوہ کسی اور ممبر کو شامل کیا جاسکتا ہے۔
اسی طرح جموں صوبے کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی کا چیئرمین صوبائی کمشنر جموں ہوں گے جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس جموں ممبر، ڈائریکٹر دیہی ترقی ممبر سیکرٹری ہوں گے اور اس کے علاوہ کوئی اور شخص کو بھی بطور ممبر شامل کیا جاسکتا ہے۔
صوبائی سطح کی کمیٹیاں افرادی قوت، حفاظتی صورتحال، لاجسٹکس، ٹرانسپورٹ، سازوسامان اور دیگر لوازمات کے تجزیہ پر مبنی امکانات کا جائزہ اعلیٰ سطحی کی کمیٹی کوپیش کرے گی۔
اعلیٰ سطح کی کمیٹی اَپنی رپورٹ حکومت کو 27 اکتوبر 2020ء تک پیش کرے گی اور متذکرہ بالا کمیٹیوں کا انتظام و انصرام محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کی ذمہ داری ہوگی۔